رام جیٹھ ملانی سمیت مہاگٹھ بندھن کے 4امیدواروں نے بھرا پرچہ
پٹنہ30مئی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار میں مہاگٹھ بندھن کے امیدواروں جے ڈی یو کے سابق قومی صدر شرد یادو، آرسی پی سنگھ، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی بیٹی میسا بھارتی اور سینئر ایڈووکیٹ رام جیٹھ ملانی نے پیر کو راجیہ سبھا کے لئے اپنا اپنا پرچہ بھرا ۔نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 31مئی ہے،اگر کسی اور نے نامزدگی نہیں بھرا تو 3جون کوجانچ کے بعد انہیں فاتح قرار دے دیا جائے گا۔اس موقع پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار، لالو پرساد یادو اور ان کی بیوی رابڑی دیوی موجود تھیں۔آر جے ڈی کی طرف سے پہلے رابڑی دیوی کا نام بحث میں تھا لیکن لالو نے کہا کہ وہ الیکشن نہیں لڑنا چاہتی ہیں۔بیٹی میسا کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر ہیں اور راجیہ سبھا کے لئے اہل امیدوار ہیں۔لالو نے کہا کہ میسا سیاست میں نئی نہیں ہیں۔انہوں نے 2014میں پاٹلی پتر سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا، جس میں انہیں 3لاکھ 40ہزار ووٹ ملے تھے۔آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بھی وہ الیکشن لڑیں گی۔لالو نے سینئر ایڈووکیٹ رام جیٹھ ملانی کی تعریف کی۔آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ ان جیسے قابل لوگ ملک میں کم ہی ہیں۔جیٹھ ملانی نے بھی لالو کو اپنا دوست بتایا اور کہا کہ مودی سے انہیں بہت امید تھی لیکن وہ امید پر کھرے نہیں اترے۔مہاگٹھ بندھن کی طرف سے قانون ساز کونسل کے لئے پانچ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی داخل کیا ہے جبکہ بی جے پی کے دو امیدوار پرچہ داخل کریں گے۔لالو پرساد یادو نے پیر کی رات تک ایک اور امیدوار کا اعلان کرنے کی بات کہی ہے۔اس کے بعد کل 7سیٹوں کے لئے ہونے والے انتخابات میں8امیدوار ہو جائیں گے،اس کے بعد ووٹنگ کے ذریعے قانون ساز کونسل کے ارکان کا فیصلہ ہوگا۔